افغان طالبان کی باجوڑ میں سول آبادی پر گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افرادشہید

بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے پاک افغان سرحد پر باجوڑ کے مقام پر پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد شہید ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت کی، یہ بلااشتعال جارحیت باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ افغان طالبان کی باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری میں  2 بچوں سمیت 3 افراد شہید اور 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلا اشتعال گولہ باری میں ایک ہی گھر سےخاتون اور 2بچوں سمیت 3افراد شہید ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے جو پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے اور باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا۔

Back to top button