مریم کو عمرے کی اجازت سے متعلق ہائیکورٹ کا تیسرا بنچ بھی تحلیل

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو عمرے کی اجازت دینے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا تیسرا بنچ بھی تحلیل ہو گیا ہے، ایک ہی روز میں دوسرے جج نے بھی مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی ہے۔

مریم نواز نے عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپسی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے جس پر عدالت نے گزشتہ روز سماعت بھی کی اور ای سی ایل رولز طلب کیے۔

منگل کےروز لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس فاروق حیدر نے درخواست پر سماعت سے معذرت کی جس کے بعد لیگی رہنما کی درخواست نئے بینچ کے روبرو لگانے کیلئے چیف جسٹس کو بھجوائی گئی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس اسجد جاوید گھرال کو بینچ میں شامل کیا اور ان کے ساتھ جسٹس باقر نجفی بینچ کا حصہ تھے تاہم درخواست پر سماعت جب شروع ہوئی تو جسٹس باقر نجفی نے بتایا کہ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد یہ بینچ بھی تحلیل کر دیا گیا۔

جسٹس اسجد کی جانب سے معذرت کے بعد ایک بار پھر مریم نواز کی درخواست پر سماعت کا معاملہ چیف جسٹس کے پاس بھیج دیا گیا ہے، یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی ایک بینچ درخواست پر سماعت سے معذرت کرچکا ہے اور اب تک مجموعی طور پر تین جج مریم نواز کی درخواست پر سماعت سے معذرت کر چکے ہیں۔

Back to top button