پی ٹی آئی کے بانی رہنما نے عمران خان سے وزارت عظمیٰ کی قربانی مانگ لی

تحریک انصاف کے بانی رہنما و رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے. جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ پارٹی میں ناراضگیاں چلتی ہیں میں نے ایک دفعہ استعفیٰ بھی دیا تھا اور جماعت کی پالیسی کے ساتھ بھی کھڑا ہوں.
ایم کیو ایم کی اکثریت کا اپوزیشن کے ساتھ ملنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ اگر سب ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کریں گے تو ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا. انہوں نے مشورہ دیا کہ پارٹی کے اندر سے کسی اور رہنما کو سامنے لایا جانا چاہیے جس پر پارٹی اراکین اور تمام اتحادیوں کا اتفاق ہو اور لوگوں کی جو شکایات ہیں ان پر توجہ دی جائے. انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان نے بنائی اور اس جماعت نے لوگوں کو ایک امید دی. انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پارٹی قائم و دائم رہے اور بہتر یہی ہے کہ عمران خان کسی اور شخص کو آگے آنے کا موقع دیں تاکہ پارٹی کا شیرازہ بکھرنے سے بچ جائے.