بھارتی ڈائریکٹر کا بیگم نوازش علی کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

پاکستانی میزبان، رائٹر اور اداکار علی سلیم عرف بیگم نوازش علی کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار بھارتی اداکارہ ملیکا شراوت ادا کریں گی، فلم کی ہدایتکاری کے فرائض ڈائریکٹر دیپک پانڈے انجام دیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق علی سلیم کی زندگی کی کہانی متاثر کن ہے جس طرح بہادری اور ہمت سے انہوں نے اپنی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کیا۔قوی امکانات ہیں کہ اس فلم میں بالی وڈ کی اداکارہ ملیکا شراوت مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔
اس حوالے سے دیپک پانڈے کا کہنا ہے وہ چاہتے ہیں کہ علی کا کردار ملیکا شراوت نبھائیں کیونکہ اس کردار کے لیے کسی ایسی اداکارہ کی ضرورت ہے جو بے باک اور مضبوط شخصیت کی مالک ہو اور یہ خصوصیات ملیکا میں ہیں۔
فلم ساز کے مطابق انہوں نے فلم کے اس کردار کیلئے ملیکا شراوت سے رابطہ بھی کیا ہے تاہم اداکارہ کا حتمی اعلان آنے والے کچھ دنوں میں کر دیا جائے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ علی سلیم نے مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم مرحوم بے نظیر بھٹو سے متاثر ہوکر خاتون کا روپ دھار کر ٹی وی شو کی میزبانی کی تھی جس میں مقبول اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو کرتے تھے۔بیگم نوازش علی نے بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 4 میں بھی شرکت کی تھی۔
بیگم نواز علی نے بتایا کہ بچپن میں مجھے گڑیوں کے ساتھ کھیلنا اچھا لگتا تھا اور مجھے لڑکیوں کے کپڑے پہننے کا شوق تھا، میں نے ہمیشہ سری دیوی، نازیہ حسن یا پھر بے نظیر بھٹو جیسی حسین، مشہور اور کامیاب خواتین کی طرح بننے کے خواب دیکھے۔
علی سلیم کا کہنا ہے کہ وہ اپنی آواز اور اداکاری کی صلاحیتوں سے اچھی طرح واقف تھے۔ وہ اپنی ان صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مواقع کی تلاش میں رہتے تھے۔
اپنی زندگی کے تلخ تجربات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انیس سو پچانوے میں جب ہم اسلام آباد سے کراچی منتقل ہوئے تو اس کے کچھ عرصے بعد میرے والدین میں طلاق ہو گئی۔ یہ میری زندگی کا سب سے کٹھن اور پریشان کن دور تھا، اس کے بعد میں نے اپنی زندگی کے کافی مشکل لمحات گزارے، ہمت اور برداشت سے کام لیا۔

بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی کی اہلیہ کا صلح کی بجائے جنگ پر اصرار

Back to top button