بھارٹی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار نے اسلام قبول کرلیا

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ویویان ڈیسینا نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے پانچ سال قبل 2019 میں ہی اسلام قبول کر لیا تھا جس کے بعد مصری خاتون صحافی سے شادی بھی رچائی جس سے ان کی ایک بیٹی ہے۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق اداکار کے اسلام قبول کرنے سے متعلق افواہیں کافی عرصہ سے گردش کر رہی تھیں، جبکہ وہ کافی عرصے سے ٹی وی سکرین سے دور تھے، ویویان ڈیسینا نے مقبول ترین ٹی وی ڈراموں میں کام کیا جن میں پیار کی ایک کہانی، جھلک دکھلا جا، شکتی، مدھوبالا اور دیگر شامل ہیں۔
تاہم حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ویویان ڈیسینا نے بتایا کہ میری زندگی میں کچھ زیادہ نہیں بدلا، میں عیسائی پیدا ہوا تھا اور اب میں اسلام کی پیروی کرتا ہوں، میں نے 2019 سے مقدس ماہ رمضان میں اسلام کے مطابق زندگی گزارنا شروع کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے دن میں 5 وقت کی نماز پڑھنے سے بہت سکون ملتا ہے۔ ویویان ڈیسینا نے حال ہی میں اپنے مداحوں کو ماہ رمضان کی مبارک باد بھی دی تھی، انٹرویو کے دوران ویویان ڈیسینا نے بتایا کہ ایک سال قبل ان کی مصر کی ایک سابق صحافی نوران علی سے مصر میں شادی ہوئی تھی اور اب ان کی ایک 4 ماہ کی بیٹی بھی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ویویان ساتھی اداکارہ واہبیز دورابجی سے 2013 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے لیکن اس مشہور جوڑی نے 2016 میں طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی تھی جس کے بعد 2021 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔
ویویان ڈی سینا نے 2008 میں بھارتی ٹی وی ڈرامے ’قسم سے‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا جس کے بعد وہ اگنی پریکشا زندگی کی، گنگا، پیار کی یہ ایک کہانی، مدھوبالا، ایک عشق ایک جنون اور شکتی جیسے مشہور ڈراموں کے بعد آخری مرتبہ ٹی وی ڈرامے ’صرف تم‘ میں نظر آئے تھے جو گزشتہ سال ستمبر میں ختم ہوا۔

بھارتی ڈائریکٹر کا بیگم نوازش علی کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

Back to top button