سدھو موسے والا کے قاتل سلمان خان کو کیوں مارنا چاہتے تھے؟

معروف بھارتی گلوکار سدھو موسے والا عرف شبھ دیپ سنگھ کے قتل میں ملوث گینگسٹر لارنس بشنوئی سے تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ لارنس نے سلمان خان کے قتل کے منصوبے کا اعتراف بھی کیا ہے جسکے لیے ایک گینگسٹر کو ذمہ داری بھی سونپ دی گئی تھی۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق لارنس بشنوئی نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ 1998 میں کالے ہرن کا غیر قانونی شکار کرنے پر سلمان خان کو سبق سکھانا چاہتے تھے۔ بشنوئی نے بتایا کہ سمپت نہرا نامی گینگسٹر کو سلمان خان کے قتل کے لیے ممبئی بھیجا گیاتھا جس نے اداکار کے گھر کے قریبی مقامات کی ریکی بھی کی تھی۔ بھارتی پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق لارنس بشنوئی نے بتایا کہ نہرا کو پستول دیا گیا تھا جس سے تھوڑی فاصلے سے بھی سلمان خان کو نشانہ بنایا جا سکتا تھا، تاہم نہرا نے سلمان کو دور سے نشانہ بنانے کے لیے چار لاکھ روپے کی ایک نئی سپیشل رائفل بھی خریدی تھی۔ لیکن 2018 میں وہی رائفل پولیس نے ایک کارروائی میں برآمد کر لی تھی، جس کی وجہ سے سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ ناکام ہو گیا تھا۔

شاہین آفریدی کب تک شاہد آفریدی کے داماد بننے والے ہیں؟

خیال رہے چھ جولائی کو سلمان خان کے وکیل ہشمت سرسوال نے کہا تھا کہ ان کو بشنوئی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں، سلمان خان پر راجستھان میں دو کالے ہرن شکار کرنے کا الزام ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اس وقت شکار کیے جب وہ ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ فلم کی شوٹنگ کے لیے وہاں موجود تھے۔ اداکار پر انڈیا کے محکمہ جنگلات کے قوانین کے مطابق مقدمہ درج ہوا تھا جبکہ ایک مقدمہ زائد المیعاد لانسنس پر آتشیں اسلحہ رکھنے کا بھی درج کیا گیا تھا جس کو شکار کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

2018میں جودھ پور کی عدالت نے سلمان خان کو دو کالے ہرنوں کے غیرقانونی شکار کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پانچ سال کی قید کی سزا بھی سنائی تھی۔ بعدازاں اس کیس میں سلمان خان کی ضمانت منظور کر لی گئی تھی، خیال رہے انڈین پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو رواں سال 30 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا جس کی ذمہ داری کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے قبول کی تھی، اس کے بعد سے پولیس نے کئی افراد کو اس کیس میں گرفتار کیا تھا، جس میں سے لارنس بشونی بھی ہیں، جن سے آج کل تفتیش جاری ہے۔

Back to top button