ماہرہ خان دوبارہ بھارتی فلم میں کام کے لئے پر امید کیوں ہیں؟

پاکستانی فلم انڈسٹری میں نام بنانے کے بعد ایک بھارتی فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والی خوبصورت اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی کشیدگی کی سب سے ذیادہ قیمت فنکاروں کو ہی چکانا پڑتی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی اور خراب ماحول کے دوران سب سے زیادہ تنقید اداکاروں پر کی جاتی ہے، کیوں کہ بظاہر وہ سب سے آسان ہدف ہوتے ہیں۔ لیکن انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاک بھارت تعلقات بہتر ہو جائیں گے اور وہ ایک مرتبہ پھر بھارتی شوبز انڈسٹری میں کام کر پائیں گی۔ یاد رہے کہ ماہرہ خان ماضی میں بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ ’رئیس‘ نامی فلم میں بطور ہیروئین کام کر چکی ہیں اور دیکھنے والوں نے ان کی جوڑی کو خوب سراہا تھا۔ اداکارہ نے ماضی میں بھارت میں کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے امریکی شوبز میگزین ورائٹی کو بتایا کہ انہیں بھارت میں کام کے دوران بہت محبت اور عزت ملی اور اب بھی کئی بھارتی شوبز شخصیات انکی بہترین دوست ہیں، جن سے وہ ابھی تک مسلسل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ انہوں نے سیاسی کشیدگی کی وجہ سے اپنے بھارتی دوستوں سے رابطہ منقطع کرلیا بلکہ وہ اب بھی وہ ان سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہتی ہیں اور ایکدوسرے کی خوشیوں اور غموں میں شریک رہتے ہیں۔ ماہرہ نے کہا کہ فنکار فن کے دھاگے سے جڑے رہتے ہیں، اور اسی وجہ سے وہ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ فنکار سب سے آسان ہدف ہوتے ہیں، اس لیے انہیں نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔
ماہرہ خان کے مطابق پاکستان اور بھارت میں فنکار سب سے آسان ہدف ہیں، جنہیں سیاسی کشیدگی کے وقت نشانہ بنایا جاتا ہے اور فنکار بھی سافٹ ٹارگٹ ہونے کی وجہ سے عام طور پر خاموش رہتے ہیں۔ اداکارہ نے پاکستانی اور بھارتی شخصیات کی خاموشی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دراصل دونوں ممالک کے فنکار خاموش رہ کر خود کو نہیں بلکہ ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کی بات سے دوسرے ملک کے فنکار کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
لالی ووڈ سٹار نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی پر بھی اظہار افسوس کیا اور کہا کہ عام طور پر یہ مصنوعی ہوتی ہے۔ ماہرہ خان نے دوران انٹرویو اپنی فلم ’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ پر بھی بات کی اور کہا کہ فلم میں ان کا کردار بہادر اور خودمختار خاتون کا ہے اور انہیں کام کرنے کے دوران مزہ آیا۔
تین شادیاں کرنے والی عتیقہ اوڈھو اب کس پر گرم