دورہ نیوزی لینڈ کیلئےقومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کاامکان

دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کاامکان ہے۔قومی ٹیم کے ٹی 20 اسکواڈ سے بڑے ناموں کی چھٹی، رضوان کی جگہ نیا کپتان آ سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئےپاکستانی اسکواڈ اور منیجمنٹ پر مشاورت مکمل کرلی۔ ذرائع کے مطابق عبوری ہیڈکوچ عاقب جاوید کو دورہ نیوزی لینڈ میں عہدے پر برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کی کمی کے باعث پی سی بی ہیڈ کوچ کی تعیناتی کیلئے اشتہار دے گا جس کے بعد نام شارٹ لسٹ ہونگے اور پھر کوچ کی تقرری کی جائے گی جو کہ فوری ممکن ہوتا دکھائی نہیں دیتا البتہ بیٹنگ کوچ کے کیلئےمحمد یوسف کا نام بھی زیر غور ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ اظہر محمود بولنگ اور محمد مسرور فیلڈنگ کوچ برقرار رہیں گے، کوچ شاہد اسلم اور آپریشن منیجر حنا منور دورہ نیوزی لینڈ پر ٹیم کے ہمراہ نہیں جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان کپتان برقرار رہیں گے اور ٹیم میں چند تبدیلیاں متوقع ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان سمیت بڑی تبدیلیاں ہونے جارہی ہیں۔شاداب خان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے مضبوط امیدوار ہیں زمبابوے کے دورے پر بھی محمد رضوان ٹی ٹوئینٹی ٹیم کے کپتان نہیں تھے سلمان آغا نے کپتانی کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے محمد رضوان، بابر اعظم اور نسیم شاہ کی چھٹی کردی گئی جبکہ محمد حارث، سفیان مقیم، عرفان نیازی اورعباس آفریدی کی اسکواڈ میں شمولیت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ممکنہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شاداب خان کپتان، محمد حارث، سفیان مقیم، عرفان نیازی، شاہین آفریدی، عباس آفریدی، جہانداد خان، ابرار احمد، عمیر یوسف بن یوسف، خوشدل شاہ، حسن نواز، عبدالصمد، حارث رؤف، عثمان خان، حسین طلعت اور محمد علی شامل ہیں۔
