بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 18 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 18 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ خضدار میں4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کیے گئے مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ دہشت گرد فورسز پر حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

دوسری جانب ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخواج گروپ کے 8 دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق خضدار میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی تنظیم ’’فتنۃ الہندستان‘‘ کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا، جو خواتین کا لباس پہن کر فرار کی کوشش کر رہے تھے۔ گرفتار دہشت گرد مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور یہ عزم برقرار ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند مہینوں میں بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ صرف اگست 2025 میں صوبے میں 28 حملے ہوئے جن میں 52 افراد جان سے گئے جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے۔ اسی عرصے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 50 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا، جو جون 2015 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔

Back to top button