پاکستانیوں کاحساس ڈیٹابیچنےوالے139پلیٹ فارمزبے نقاب

پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا بیچنے کے گھناؤنے کاروبار میں 139 آن لائن پلیٹ فارمز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا بیچنے کے گھناؤنے کاروبار میں 139 آن لائن پلیٹ فارمز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تفتیشی ٹیم نے تمام پلیٹ فارمز کی نشاندہی مکمل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیٹا فروخت میں ویب سائٹس، موبائل ایپس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سرگرم تھے۔ تحقیقات میں 18 موبائل ایپس، 17 ویب سائٹس اور 2 یوٹیوب چینلز کے ساتھ ساتھ 75 فیس بک، 10 انسٹاگرام، 12 ٹیلی گرام اور 10 ٹک ٹاک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی۔
انکشاف ہوا کہ پاکستانی شہریوں کا حساس ڈیٹا ایک واٹس ایپ گروپ کے ذریعے بھی فروخت کیا جا رہا تھا۔ تفتیشی ٹیم کی سفارش پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے فوری طور پر تمام مذکورہ پلیٹ فارمز بلاک کر دیے۔
ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں مقدمات درج کرکے ذمہ دار عناصر کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، جب کہ گرفتار افراد سے یہ معلوم کیا جائے گا کہ ڈیٹا کہاں سے اور کس طریقے سے حاصل کیا گیا۔
مزید یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کئی پلیٹ فارمز کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، جرائم پیشہ عناصر متعدد جگہوں پر رقم وصول کرنے کے باوجود جعلی ڈیٹا فراہم کرتے رہے۔
