مریم نوازکاشیرکےحملے میں زخمی افرادکیلئے5،5لاکھ امدادکااعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جوہر ٹاؤن لاہور میں شیر کے حملے میں زخمی ہونے والے دو بچوں اور ایک خاتون کے لیے 5، 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک فارم ہاؤس سے شیر کا پنجرہ کھلا رہ جانے کے باعث وہ باہر نکل آیا اور قریبی فیملی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو بچے اور ایک خاتون زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کسی بھی جگہ غیر قانونی طور پر جنگلی جانور، بالخصوص شیر رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ان کی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف نے پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے شیروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا، جس کے دوران لاہور اور گوجرانوالہ سمیت 22 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ اس کارروائی میں 8 غیر قانونی طور پر رکھے گئے شیر برآمد کیے گئے، جب کہ بغیر لائسنس شیر پالنے پر 5 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جنگلی جانور رکھنے والوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک خصوصی ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ اب تک اس وائلڈ لائف ایپ پر 584 جنگلی شیروں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔
یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جنگلی حیات کے محفوظ انتظام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جنہیں عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
