صدرزرداری سے چینی وفد کی ملاقات،میڈیکل سٹی میں سرمایہ کاری کی پیشکش

صدر مملکت آصف علی زرداری سے کراچی میں چین کےکاروباری وفد نے ملاقات کی اور میڈیکل سٹی کے ساتھ معیشت کے مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرادری نے بلاول ہاؤس کراچی میں چینی قونصل جنرل یانگ ین ڈونگ کی سربراہی میں آنے والے چین کے سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی اور اس بات پر زور دیا کہ چینی سرمایہ کار باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
چینی وفد نے پاکستان میں صحت کی سہولتوں کوجدید بنانے کیلئےمیڈیکل سٹی میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئےاپنی دلچسپی کا اظہار کیا، چینی وفد نے مختلف شعبوں، بالخصوص زراعت، لائیواسٹاک، توانائی اورمینوفیکچرنگ کے شعبہ جات میں بھی سرمایہ میں دلچسپی ظاہر کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے چین کےساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں، جس نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورمنصوبےجیسے بہت سے سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے اس کی مدد کی ہے،ان منصوبوں کو پاکستان کی معیشت کے لیے ’لائف لائن‘ قرار دیا گیا تھا۔
عالمی بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیاتھا کہ چین29 ارب ڈالر کے ساتھ پاکستان کو سب سے زیادہ قرض دینے والا ملک ہے،پاکستان کےمجموعی قرض میں چینی قرضوں کا حصہ 22فیصد ہے۔
صدر آصف علی زرداری نےدونوں ملکوں کے مابین تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی سرمایہ کار کراچی کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ بھی روابط بڑھائیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین دہائیوں سے انتہائی قریبی دوست ہیں، گوادر پورٹ کی ترقی میں میرا وژن یہ تھا کہ علاقائی تجارت کو فروغ دیا جائے، یہ اقتصادی مرکز نہ صرف علاقائی تجارت کوبڑھانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ خطے کے ممالک کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ کا سبب بھی بنے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں چینی زبان کے کورسزکے اجرا پر بھی روشنی ڈالی جو دونوں ممالک کےعوام کےدرمیان اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
