عسکری قیادت سے بنگلادیشی مسلح افواج کےآفیسر کی ملاقاتیں

بنگلا دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل (پی ایس او) قمر الحسن وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔
آئی ایس پی آربنگلا دیش کی مسلح افواج کے پی ایس او نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اورخطے میں ابھرتی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نےجنوبی ایشیااور خطےمیں امن واستحکام کے فروغ کیلئےمشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا اور کہاکہ دونوں ممالک باہمی تعاون پر مبنی دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی میں اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فریقین نے دو طرفہ مضبوط دفاعی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں دونوں برادرممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فوج کی غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی بے پناہ قربانیوں کوسراہا۔
اس سے قبل بنگلا دیش کی مسلح افواج کےپرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی اور دوطرفہ دفاعی تعاون اور اسٹریٹیجک امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانےکے امور پر گفتگو ہوئی اور فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین کا اس شراکت داری کو کسی بھی بیرونی رکاوٹ سے محفوظ رکھنے، علاقائی امن، سلامتی اوراستحکام کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں، اس وژن کی بنیاد مضبوط دفاعی تعاون ہے۔
