مائیکروسافٹ کا پاکستان سے اپنا دفتر ختم کرنے کا فیصلہ ، 5 ملازمین فارغ

مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنے دفتر کو بند کرنے اور پانچ مقامی ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں اپنی خدمات بدستور جاری رکھے گی ۔
اس سے قبل سوشل میڈیا، بالخصوص لنکڈ اِن پر مائیکروسافٹ پاکستان کے سابق سربراہ جاوید رحمٰن کی ایک پوسٹ کے بعد یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ کمپنی نے پاکستان میں مکمل طور پر اپنے آپریشنز بند کر دیے ہیں۔ انہوں نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کمپنی اپنی زمینی موجودگی ختم کر رہی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق مائیکروسافٹ کی پاکستان میں محدود مگر مسلسل زمینی موجودگی موجود تھی، جبکہ بیشتر آپریشنز ملک میں موجود شراکت داروں (پارٹنرز) اور بیرونِ ملک دفاتر کے ذریعے چلائے جا رہے تھے۔
مائیکروسافٹ کے ترجمان نے استفسار پر تصدیق کی کہ کمپنی اپنی خدمات کو مقامی شراکت داروں اور قریبی بین الاقوامی دفاتر کے ذریعے فراہم کرے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی یہی ماڈل دنیا کے دیگر کئی ممالک میں کامیابی سے اپنا رہی ہے۔
مائیکروسافٹ کا یہ فیصلہ اس کی عالمی سطح پر جاری تنظیمِ نو (ری اسٹرکچرنگ) کا حصہ ہے، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاؤڈ بیسڈ خدمات کی طرف منتقلی ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کے روز کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تقریباً 2,28,000 ملازمین میں سے 4 فیصد کو فارغ کر رہی ہے۔ مئی میں بھی 6,000 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ کم انتظامی سطح کے ساتھ اپنے آپریشنز کو مزید مؤثر انداز میں چلانا چاہتی ہے، جس کے لیے وہ اپنے طریقہ کار، کرداروں اور مصنوعات میں جدت لا رہی ہے۔
ٹیرف ڈیڈ لائن سے پہلے پاک امریکا مذاکرات میں پیش رفت کا امکان
پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مائیکروسافٹ کا یہ اقدام ملک سے اخراج کے بجائے بزنس ماڈل میں تبدیلی کی علامت ہے۔ وزارت کے مطابق، دنیا بھر کی بڑی ٹیک کمپنیاں آن-پریمیس سافٹ ویئر ڈپلائمنٹ سے سافٹ ویئر ایز اے سروس (SaaS) ماڈل کی طرف بڑھ رہی ہیں، اور مائیکروسافٹ کا فیصلہ بھی اسی رجحان کا حصہ ہے۔
ٹیک ماہر حبیب اللہ خان نے وضاحت کی کہ آن-پریمیس ماڈل میں سافٹ ویئر صارف کے اپنے انفرااسٹرکچر پر نصب ہوتا ہے، جبکہ SaaS ماڈل کے تحت تمام خدمات کلاؤڈ پر فراہم کی جاتی ہیں ، اس سے کمپنی کو مستقل سبسکرپشن فیس کے ذریعے آمدنی حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مائیکروسافٹ کا پاکستان میں دفتر بند کرنا دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے انخلا سے مختلف ہے، کیونکہ کمپنی کی زیادہ تر آمدنی اب کلاؤڈ پر مبنی سروسز سے آ رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے ٹیک ایکو سسٹم یا معیشت کے لیے کسی منفی رجحان کی نشاندہی نہیں کرتا۔
