مودی نے اپنی ساکھ بچانے کےلیے بوکھلاہٹ میں تقریر کی : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی ایک ہارے ہوئے جواری کی طرح تقریر کر رہے تھے،جس کے پلے کچھ نہیں۔مودی نے اپنی ساکھ بچانے کےلیے بوکھلاہٹ میں یہ تقریر کی۔ جتنا بڑا سرٹیفائیڈ دہشت گرد مودی ہے دنیا میں ایساکوئی نہیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ مودی نے اپنی ساکھ بچانے کےلیے بوکھلاہٹ میں یہ تقریر کی، مودی نے آج اپنی گفتگو میں کشمیر اور دہشت گردی کو قابل گفتگو مان لیا، مودی سے پہلے تو یہ کہا جائے جو تم نے ہم پر الزام لگائے اس کی تحقیقات کی جائے، جتنا بڑا سرٹیفائیڈ دہشت گرد مودی ہے دنیا میں ایساکوئی نہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کو اس جنگ میں ہر محاذ پر فتح ہوئی، پاکستان میں بی ایل اے جیسی تنظیمیں بھارت کی پیدا کردہ ہیں،بھارت دہشت گردی کی بات کرےگا تو ہم فوراً پہلگام واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کریں گے، کشمیر پر بات ہوگی تو سلامتی کونسل کی قراردادوں کا ذکر بھی آئےگا۔
خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ مجھےاب تک کوئی اطلاع نہیں کہ مذاکرات کہاں ہوں گے؟اگر مذاکرات کےلیے ملاقات ہوگی تو ہی ایجنڈا طے ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ میری دانست میں مذاکرات میں کشمیر،سندھ طاس معاہدہ اور دہشت گردی پر بات ہوگی،بھارت کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کےذریعے مغربی سرحد پر بھی کاروائیاں کرواتا ہے،ہم بھارت کی طرف سے دوطرفہ جارحیت کا شکار ہیں۔
وزیر دفاع کاکہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ تو سرفہرست ہے،اگر یہ مسائل حل ہو جاتے ہیں تو تعلقات بحال ہونےکا امکان ہے، کشمیر پر بھارت ردعمل دے گا لیکن ٹرمپ نے اس معاملے میں کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ امریکی صدر دنیا میں جتنے بھی فلیش پوائنٹس ہیں ان سب کی بات کررہے ہیں،یوکرین کے صدر کی روسی پیوٹن سے ملاقات ہو رہی ہے،امریکا نے پاکستان میں امن کےلیے مداخلت کی ہے، غزہ اور فلسطین کے مسئلے پر بھی امریکا جلد کوئی قدم اٹھائے گا۔
عرفان صدیقی نے مودی کی تقریرکو کھسیانی بلی کی بوکھلاہٹ قرار دیدیا
خیال رہے کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا لیکن وہ آف کلر نظر آئے،انہوں نے اپنی تقریر میں پہلگام واقعے کو ظلم قرار دیا اور پاکستان پر روایتی الزامات کو دہرایا۔
