انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی پاکستانی کرکٹرز کے حق میں بول پڑے

انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی پاکستانی کرکٹرز کی حمایت میں ڈٹ گئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کو یہ محسوس ہوا کہ دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارتی مالکان جان بوجھ کر نظر انداز کر رہے ہیں تو وہ اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔
ایک گفتگو میں معین علی نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو صرف اس کی قومیت کی بنیاد پر نظر انداز کرنا نہایت افسوسناک ہوگا۔ برطانیہ میں اس طرح کا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے اور انگلیڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کی نگرانی کرے اور ممکنہ ناانصافی کو روکے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال دیکھنا ہوگا کہ کیا صورت حال سامنے آتی ہے، لیکن اگر ایسا ہوا تو یہ انتہائی افسوس کی بات ہوگی۔ ان کے مطابق اگر کھلاڑیوں کو لگا کہ ٹیموں کے مالکان امتیازی رویہ اپنا رہے ہیں تو وہ متحد ہو کر آواز بلند کریں گے۔
معین علی نے مزید کہا کہ جس کسی کو بھی اس قسم کے معاملات پر تشویش ہو، اسے ضرور بولنا چاہیے، چاہے اس کا تعلق پاکستان سے ہو یا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خبر ابھی نئی ہے، اس لیے زیادہ مشاورت نہیں ہو سکی، تاہم زیادہ تر کھلاڑی ایک جیسی سوچ رکھتے ہوں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ میں کھلاڑیوں کو ناانصافی کے خلاف بات کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے معاملات کافی عرصے سے زیر بحث ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان کا منصفانہ حل نکالا جائے، کیونکہ کسی مخصوص گروہ کے خلاف امتیاز برتنا نہایت افسوسناک عمل ہے۔
