راشدلطیف کے معاملےپرمحسن نقوی نےنجم سیٹھی کےبیان کوبےبنیادقرار دیدیا

چیئرمین پی سی بی نے محسن نقوی نے سابق کپتان راشد لطیف کے معاملے پر سوشل میڈیا میں نجم سیٹھی کو سخت جواب دیتے ہوئے بیان کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

محسن نقوی نے ایکس پر نجمی سیٹھی کے بیان پرجواب دیتے ہوئے لکھا کہ ‘نجم سیٹھی آپ کے بیانات مکمل طور پر غلط، بے وقت اور حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں’۔

انہوں نے لکھا کہ راشد لطیف کے خلاف پی سی بی کی کارروائی کبھی بھی تنقید کو خاموش کرنے کے حوالے سے نہیں تھی۔یہ جھوٹے اور ہتک آمیز الزامات کو جان بوجھ کر پھیلانے پر وضاحت  کیلئےتھی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ‘ہماری کارروائی مکمل طور پر قانون کے دائرے میں ہے اور ہماری توجہ مکمل طور پر پاکستان کرکٹ اور اس کے کھلاڑیوں کی سالمیت کے تحفظ پر مرکوز ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘راشد لطیف نے آج اپنی ٹوئٹ میں معافی مانگ لی ہے، بورڈ کے مؤقف کی واضح تائید کی ہے، ہم ان کی معافی کا خیرمقدم کرتے ہیں اور تسلیم کرتے ہیں’۔

محسن نقوی نے کہا کہ ‘ہم بورڈ پر تنقید کرنے والوں کو خاموش کروانے کے لیے دوسرے ذرائع استعمال نہیں کرتے ہیں، ہم پاکستان کرکٹ اور اس کے اثاثوں کا تحفظ کرتے ہیں’۔

قبل ازیں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘مجھے حیرت ہے کہ پی سی بی کی پالیسیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقیدی بیانات پر سابق کپتان راشد لطیف کے خلاف ایف آئی اے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں کرکٹ انتظامیہ پر زور دیتا ہوں کہ اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈوں سے اجتناب کریں اور عدلیہ سے ہماری آزادیوں کے تحفظ کی توقع ہے’۔

خیال رہے کہ سابق کپتان راشد لطیف نے محمد رضوان کو ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے پر پی سی بی کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی، جس پر بورڈ نے بھی اپنا ردعمل دیا تھا۔

راشد لطیف نے اب ایکس پر اپنے بیان میں وضاحت کرتے ہوئے پی سی بی اور عوام سے معذرت کی ہے۔

Back to top button