ملتان سلطانز کی نئے مالک کے ساتھPSL میں واپسی ہوگئی

پاکستان سپرلیگ میں ملتان سلطانز ٹیم کی نئے مالک کے ساتھ واپسی ہوگئی۔
ملتان سلطانز ٹیم کی نئے مالک کے ساتھ واپسی کاباقاعدہ اعلان سلمان نصیر، حمزہ مجید اور گوہر شاہ نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
سلمان نصیر اورحمزہ مجید نے واضح کیا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی منظوری سے سی ڈی وینچرز کے گوہر شاہ کے ساتھ سٹریٹجک پارٹنر شپ ہوگئی ہے۔
گوہر شاہ چیف ایگزیکٹو ہوں گے اور ٹیم کا نیا نام اب ملتان سلطانز ہوگا، نام کی تبدیلی کے ساتھ اس کی ویلیو اب ایک ارب 85کروڑ سے بڑھ کر 2 ارب روپے سالانہ ہوگئی ہے۔
حمزہ مجید نے گوہر شاہ کے ساتھ شئیرنگ فارمولا کی تفصیلات خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ ان معاملات کو میڈیا میں نہ لانے پر بات ہوئی ہے، گوہر شاہ کا جذبہ اور جنون مجھ سے کہیں زیادہ ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق گوہر شاہ نے سی ای او بننے کے بعد فرنچائز کانام تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
گوہر شاہ نے کہا کہ ملتان سلطانز کو خریدنے کے لیے دس سال بھی انتظار کرنا پڑتا تو ضرور کرتا تاہم خوش قسمتی سے اب اسی سال ہی یہ خواب پورا ہوگیا ہے۔ سیالکوٹ سٹالینز فینز بھی ہمارے دل کے قریب رہیں گے۔
