قومی اسمبلی:مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردادمنظور

قومی اسمبلی نے بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قانون ساز اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد پیش کی، جسے متفقہ منظور کرلیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر اللہ پاک کے شکر گزار ہیں، اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پارلیمان میں تمام سیاسی جماعتوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔
واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا، جس پر پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے 5 جہاز گرا دیے تھے۔بھارت نے اس کے بعد پھر اشتعال انگیزی جاری رکھی، جس کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے 10 مئی کی صبح آپریشن ’بنیان مرصوص‘ لانچ کیا اور بھارت میں گھس کر کارروائی کرتے ہوئے فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کم کرانے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میدان میں آگئے تھے، جس کے بعد 10 مئی کی شام کو دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر ہوگیا تھا۔
گزشتہ رات پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان نے سیز فائر کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، یہ خواہش بھارت کی تھی۔
