قومی اسمبلی کا اجلاس : جعفر ایکسپریس حملے پرمذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنےپرمذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی میں پیش کی۔ قرارداد پر اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کےارکان کےدستخط موجود ہیں۔
قرارداد کےمتن کےمطابق جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کےامن کو تہہ و بالا کرنے والی دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، قوم دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا عزم کرتی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہےکہ کسی بھی گروہ، کوئی فرد کو ملک کے امن، خوشحالی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے،ملک کی علاقائی حدود میں خوف، نفرت یا تشدد پھیلانےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عالمی طاقتیں، دہشت گرد اور پاکستان کے دشمن ہماری نااتفاقی کا فائدہ اٹھارہے ہیں: بلاول بھٹو
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصےمیں دہشت گردی کی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی، دہشت گردی کو جڑ سےاکھاڑ پھینکنے کےلیےانتھک محنت کرنے کا عہد کرتے ہیں۔
قرارداد کے مطابق ایوان ان بہادر مردوں اور خواتین کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نےاس المناک واقعے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، افواج پاکستان، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والےاداروں کو ان کے غیر متزلزل عزم، بہادری اور شہریوں کی جانوں کےتحفظ اور پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کے لیےدی جانے والی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو بے اثر کرنے میں ان کی بہادرانہ کوششیں ہماری سیکیورٹی فورسزکے عزم اور تیاری کی عکاسی کرتی ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کےعوام بلاتفریق دہشت گردی کےخلاف جنگ میں متحد ہو جائیں، تمام شکلوں میں انتہا پسندی کو مسترد کیا جائے اورآنے والی نسلوں کےلیےہماری قوم کےامن، تحفظ اور خوشحالی کویقینی بنایا جانا چاہے۔
