پنجاب میں مون سون کی نئی لہر تیار، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون کا نیا اسپیل 28 جولائی سے شروع ہوگا، جو 31 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔

بارش کی پیشگوئی مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت کئی اضلاع کے لیے کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 29 سے 31 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جب کہ بارشوں سے کچے مکانات اور کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ مون سون اسپیل کے دوران مختلف حادثات میں 252 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ گھروں اور سڑکوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا تھا۔

Back to top button