کسی شر پسند گروہ کو مستحکم معیشت کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں : وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں فساد برپا کرنےوالوں کےخلاف فوری کارروائی کی ہدایت کرتےہوئے کہا ہےکہ کسی شر پسند گروہ کو ملک کی مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
امن و امان سے متعلق ہونےوالے ایک اعلی سطح کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں ہنگامہ کرنے والوں کےخلاف اقدامات تیز کیے جائیں،لیکن اس بات کو بھی یقینی بنایا جائےکہ کوئی بےگناہ اور معصوم شہری گرفتار نہ ہو۔
شہباز شریف نے کہاکہ کسی شر پسند گروہ کو ملک کی مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے شر پسندوں کی نشاندہی کا عمل مؤثر بنانے اور فسادیوں کے خلاف قائم ٹاسک فورس کو وسائل فراہم کرنےکی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں جیل کی تعمیر جلد مکمل کرنے اور فنڈز کے اجراء کی بھی ہدایت دی۔
علما کا مدارس کووزارت تعلیم کےساتھ منسلک رکھنےپراتفاق
یاد رہے کہ 2 دسمبر کو وزیر اعظم نے ریاست کےخلاف مذموم پروپیگنڈے میں ملوث افراد کی نشاندہی کےلیے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی سربراہی میں 10 رکنی مشترکہ ٹاسک فورس کی تشکیل کی منظوری دی تھی۔
فورس میں آئی ایس آئی،ملٹری انٹیلی جنس کے نمائندے، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی ٹاسک فورس میں شامل کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ جوائنٹ ٹاسک فورس میں جوائنٹ سیکریٹری داخلہ،جوائنٹ سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات،ڈائریکٹر سائبر ونگ ایف آئی اے،ڈائریکٹر آئی ٹی وزارت جوائنٹ ٹاسک فورس میں شامل تھے۔
واضح رہےکہ ٹاسک فورس کی تشکیل سے 2 روز قبل وزیر اعظم نے مستقبل میں شر پسندوں کی اسلام آباد میں آمد کو روکنے،گزشتہ دنوں اسلام آباد میں انتشار و فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی،ان کے خلاف مؤثر کارروائی کےلیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں بھی ایک ٹاسک فورس قائم کی تھی۔
