جلاؤگھیراؤ اور انتشار پھیلانے و الا کسی کا ہمدرد نہیں ہو سکتا،مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ اور انتشار پھیلانے والا شخص کسی کا ہمدرد نہیں ہو سکتا۔
سرگودھا میں ہونہار اسکالر شپس پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کو نصیحت کی ہے کہ کسی بھی سنائی بات کو آنکھیں بند کر یقین نہ کیا کرو، اللہ نے آپ کو ذہانت اور لیاقت دی ہے، اپنے ملک اور والدین کو سامنے رکھ کر اپنا فیصلہ کرنا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان آج مکافات عمل بھگت رہے ہیں، بہکاوے میں آکر انتہائی قدم اٹھانے والے نوجوان جیلوں میں سڑ رہے ہیں، حسان نیازی نےوردی کی تضحیک کی، ان کےوالدین آج پریشان ہیں۔
مریم نواز نےکہا کہ طلبہ کو گارڈ آف آنر دینا آپ کی محنت کو سلام ہے، ہونہار اسکالر شپ ملکی تاریخ کا پہلا اور سب سے بڑا پروگرام ہے، اسکالرشپس طلبہ کو سیاسی وابستگی سے بالائے طاق رکھتے ہوئے دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام طلبہ اور ان کے والدین کو بہت بہت مبارکباد دیتی ہوں، بطور وزیراعلیٰ میں بہت خوش ہوں، میری ہدایت پر آپ کو گارڈ آف آنر دیا گیا، میرا خیال ہے کہ طلبہ کیلئے اسکالرشپس حاصل کرنے کا سفر آسان نہیں تھا، مجھے احساس ہے کہ والدین نے کس محنت سے آپ کو یہاں پہنچایا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپس طلبہ کی محنت کا ثمر ہے، اس لیے شکریہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اس پروگرام کو بنانے میں کردار ادا کرنے والی ٹیم خصوصاً وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندراور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فرخ بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پنجاب میں30 ہزار بچوں کو اسکالرشپس میرٹ پردی گئی ہیں، سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کو بھی وظائف دینےکے حوالے سے تجاویز پر غور کیا جائے گا، اگلے سال 50 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گے، یہ آپ کا پیسہ ہے اور آپ پر ہی لگنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ دعویٰ سے کہتی ہوں کہ ایک بھی اسکالرشپ میرٹ کے خلاف نہیں دی گئی، مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ کسی بچے سے یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ اس کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے، پنجاب کے تمام بیٹے بیٹیاں میرے لیے برابر ہیں، سب طلبہ کو ایک وزیراعلیٰ کے طور پر نہیں بلکہ ماں کی طرح دیکھتی ہوں، بطور ماں آپ سب کو سمجھانا میرا فرض ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک ہماری ماں کی طرح ہے، ماں بچوں میں تفریق نہیں کرسکتی، ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ ماں کا ایک بچہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرلے لیکن دوسرا بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ جائے تو ریاست کے لیے فکر انگیز بات ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اگر کوئی تعلیم سے اس لیے محروم رہ جائے کہ اس کے پاس وسائل کی کمی ہے تو میری لیے بہت شرمندگی کی بات ہے، 68 شعبوں میں اسکالرشپس دی جارہی ہیں جس میں جدید مضامین شامل ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ صرف اسکالرشپس پروگرام نہیں بلکہ امیر و غریب کی تفریق کا خاتمہ ہے، پاکستان کے بچے تعلیم یافتہ ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا، رواں ماہ (جنوری) کو پنجاب کے طلبہ کے نام کیا ہے، طلبہ کو جان کر خوشی ہوگی کہ جدید لیپ ٹاپس آچکے ہیں اور بہت جلد انہیں تقسیم کیا جائے گا۔