نوبیل انعام برائے طب 2025 امریکی و جاپانی سائنسدانوں کے نام

نوبیل انعام برائے طب 2025 امریکی سائنسدان میری برنکاؤ، فریڈ ریمزڈیل اور جاپانی سائنسدان شیمن ساکاگُچی نے مشترکہ طور پر جیت لیا۔
نوبیل کمیٹی کے مطابق یہ انعام ان سائنسدانوں کو مدافعتی نظام (Immune System) پر ان کی انقلابی تحقیق کے اعتراف میں دیا گیا ہے، جس میں انہوں نے یہ طریقہ دریافت کیا کہ جسم کا مدافعتی نظام خود اپنے خلیوں پر حملہ کرنے سے کیسے روکا جا سکتا ہے۔
ان کی تحقیق کے نتیجے میں کینسر اور خودکار (Autoimmune) بیماریوں کے نئے اور مؤثر علاج کی راہیں کھل گئی ہیں۔
یہ سائنسدان ریگولیٹری ٹی سیلز (Regulatory T-Cells) کی شناخت کے لیے مشہور ہیں، جو جسم میں ’’سیکیورٹی گارڈ‘‘ کا کردار ادا کرتے ہیں اور مدافعتی خلیوں کو اپنے ہی جسم پر حملہ کرنے سے روکتے ہیں۔
جاپانی سائنسدان ساکاگُچی نے اوساکا یونیورسٹی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اس اعزاز کو ’’بہت بڑے فخر‘‘ کی بات قرار دیا۔
نوبیل انعام کے ساتھ 11 ملین سویڈش کراؤن (تقریباً 1.2 ملین امریکی ڈالر) اور نوبیل میڈل بھی دی جائے گی، جو روایتی طور پر سویڈن کے بادشاہ کے ہاتھوں دی جاتی ہے۔
