24 نومبر احتجاج : بشری بی بی کی تہلکہ خیز آڈیو لیک ہوگئی

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی پشاور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کی آڈیو منظر عام پر آگئی۔
مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی عمران خان کا پیغام کارکنوں کو دے رہی ہیں۔
24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے بشریٰ بی بی نے عمران خان کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہاکہ جلسے میں ہر رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) 5، 5 ہزار اور ہر رکن قومی اسمبلی (ایم این ایز)،10، 10 ہزار افراد پر مشتمل علیحدہ علیحدہ قافلے لائےگا۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان نے کہاتھاکہ آپ کو گاڑیوں کی ویڈیو بنانی ہے جس میں عام عوام بھی نظر آئیں،احتجاج میں صرف ورکرز نہیں عوام کو بھی لے کر پہنچنا ہے،انٹرنیٹ بند ہو گا متبادل بندوبست کرنا ہو گا،سوشل میڈیا، یوٹیوبرز قافلوں کی ویڈیو ساتھ ساتھ شیئر کریں۔
انہوں نےکہا کہ آپ کےقافلے کا کوئی ورکر زخمی ہو جائے تو حلقے کا ایم این اے اور ایم پی اے سب مل کر اس کا خیال رکھے۔
ان کا کہناتھاکہ خان نے کہا ہےکہ احتجاج کے دن ہر ایم این اے، ایم پی اے مرکزی جلوس میں شامل ہونے سےپہلے اپنے انفرادی جلوس کی ویڈیو بنائےگا جس کےپاس ثبوت کے طور پر ویڈیو نہیں ہو گی تو اسے اگلی بار ٹکٹ نہیں ملے گا،اسے پارٹی میں چاہے 25 سال ہوچکے ہوں یا 30 سال پرانا ہو،خود بھی گرفتاری نہیں دینی اور ورکرز کوبھی گرفتاری سے بچانا ہے۔
بشریٰ بی بی نےکہا کہ قافلے میں انٹرنیشنل میڈیا کو ساتھ رکھنا ہے، 24 نومبر کااحتجاج عمران خان سے وفا کا امتحان ہے،5 لاکھ لوگ 24 نومبر کو نکل سکتے ہیں،اس وقت گروپنگ کا مطلب خان سےوفاداری نہیں۔
انہوں نے 9 منٹ تک اجلاس سے خطاب کیا۔رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے بشری بی بی کی آڈیو کی تصدیق کر دی اور کہاکہ پی ٹی آئی اجلاس سے خطاب کی آڈیو بشریٰ بی بی کی ہے۔
24نومبرکےاحتجاج سے پہلے پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑگئی
واضح رہےکہ 24 نومبر کو احتجاج کےمعاملے پر پی ٹی آئی کے اجلاس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 15 نومبر کو پردے کے پیچھے سے خطاب کیاتھا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس کی صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کی،جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور،حماد اظہر، شیخ وقاص اکرم،عمر ایوب سمیت 400 افراد شریک ہوئےتھے۔
خیال رہےکہ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دےرکھی ہے،اس کےعلاوہ احتجاج کی تیاریوں کےحوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک ہیں۔
