وینزویلا حملے کے اثرات، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں

وینزویلا میں سیاسی بحران کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 60.37 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 0.70 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 56.92 ڈالر تک آ گئی۔
واضح رہے کہ وینزویلا میں سیاسی صورتحال اس وقت شدید بحران کا شکار ہے۔ امریکی فوج نے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں، جبکہ صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکا منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں ان حملوں کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا، جبکہ کاراکس میں کم از کم سات دھماکوں کی اطلاع ملی ہے۔
