عوامی ایکسپریس حادثہ: ایک مسافرجاں بحق، 33 زخمی، وزیر ریلوے کا نوٹس

لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب عوامی ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث ایک مسافر جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 33 افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب پشاور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس لودھراں کے قریب پہنچی۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بوگیوں میں پھنسے زخمی مسافروں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹرین کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ متاثرہ بوگیوں کو ہٹا کر اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال کر دی گئی ہے، جبکہ ڈاؤن ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔
ٹرین میں سوار تقریباً 250 مسافروں کو لاہور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کے ذریعے روانہ کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کراچی کا دورہ منسوخ کرکے لاہور پہنچنے کے فوری بعد ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ وزیر موصوف کل لودھراں میں جائے حادثہ کا دورہ بھی کریں گے۔
اپنے بیان میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ "ہم انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے، ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے میں اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔
انہوں نے حادثے کی فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سات روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
