عمران خان کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی : علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہنوں اور دیگر کی غیرقانونی حراست افسوس ناک ہے۔ وفاقی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کررہی ہے، عمران خان کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ حکومت ملک کو انارکی کی طرف لےجانے سے باز آئے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ حراست میں لینے کے بعد ان کو اڈیالہ جیل سے 80 کلومیٹر دور ویرانے میں چھوڑنا قابل مذمت ہے،پنجاب پولیس کا خواتین کے ساتھ ناروا سلوک ریاستی جبر و تشدد اور فسطائیت کی بد ترین مثال ہے وقت آنے پر اس کا حساب لیا جائےگا۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ وفاقی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کررہی ہے، عمران خان کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا قانون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملاقات کی اجازت نہ دینا عدالتی حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،عدلیہ اپنے احکامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لےیا ہمیں وہ فورم بتائے جہاں ہم انصاف کےلیے رجوع کرسکیں۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ حکومت کو نہ عدالتی احکامات کی کوئی پرواہ ہے اور نہ بنیادی انسانی حقوق کا لحاظ ہے،ملک میں اس وقت قانون کی عمل داری کا نام و نشان تک نہیں۔
امریکن اوورسیز پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے انگیجمنٹ کی کوشش
علی امین گنڈاپور نےیہ بھی کہاکہ حکومت ملک کو انارکی کی طرف لےجانے سے باز آئے۔
