اوورسیزپاکستانیوں نےسول نافرمانی کی کال مسترد کردی،مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئروزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہاہےکہ 9 مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت اورعوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو وہ 4 سال میں تباہ و برباد کرکے گئے تھے۔
مریم اورنگزیب نے11 ماہ میں ترسیلات زر میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کےجھانسے میں آنےوالےنہیں ہیں، اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہےہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ9 مئی کےمجرم ،ملک کو لوٹنے اورجلانےوالےبہروپیے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، مار دو ، جلا دو ،گالی گلوچ ،غنڈا گردی ،جھوٹ، فراڈ اور سول نافرمانی کی کالز سےعوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی دوسروں پہ جھوٹےالزامات ، کھبی سائیفر کا فراڈ ہر بات پہ جھوٹ ، اب کوئی ماننےوالا نہیں، 8 ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کرکے 4 فی صد اور پالیسی ریٹ22 سے13 فیصد پرآنا معجزے سے کم نہیں ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’امریکا نے میری حکومت گرائی‘ سے ’امریکا مجھے بچالو‘، کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔
