جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 176 افراد ہلاک
جنوبی کوریا میں مسافرطیارہ پھسلنےکےبعددیوار سےٹکرا کر تباہ ہوگیا،حادثے میں 176 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔
حکام کا کہناہے کہ حادثے میں زندہ بچنےوالےعملےکے2ارکان کےعلاوہ جہاز میں سوار تمام افرادکےبارےمیں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ مرچکے ہیں ۔
جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کےمطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کےبعداس وقت پیش آیاجب جیجو ایئر کی پرواز7 سی 2216 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سےعملےکے6 ارکان سمیت 181 افراد کولے کر ملک کے جنوب میں واقع موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کر رہی تھی۔
طیارےکی تباہی کی وڈیو سامنے آگئی ہے جس میں طیارے کو رن وےپر پھسلنے کے بعد ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکراتے اور آگ کےگولےمیں تبدیل ہوتےہوئےدیکھا جاسکتا ہے، وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لینڈنگ کےوقت طیارےکےلینڈنگ گیئر کھلے ہوئے نہیں تھے۔
موان کے چیف فائر آفیسر لی جنگ یون نے بریفنگ میں بتایا کہ طیارے کے عقبی حصے کے ملبے سے عملے کے 2 ارکان کو بچالیا گیا ہے جبکہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی فائر فائٹنگ ایجنسی نے حادثے میں 176 اموات کی تصدیق کردی ہے جبکہ 3 افراد لاپتہ ہیں جبکہ جہاز کے عقبی حصے کے ملبے سے 2 فضائی میزبانوں کو زندہ بچالیا گیا۔
فائر فائٹنگ ایجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ طیارے کے دیوار سے ٹکرانے کے بعد مسافرباہر جاگرے۔
عہدیدارنےبتایا کہ طیارہ تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور مرنے والوں کی شناخت کرنا مشکل ہے، ہم باقیات کی تلاش کررہے ہیں ،جس میں وقت لگے گا۔
وزارت ٹرانسپورٹیشن کے مطابق مسافروں میں تھائی لینڈ کے دو شہری بھی شامل ہیں جبکہ باقی کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔
جیجو ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ طیارہ بوئنگ 737-800 جیٹ تھا، حادثے کی تفصیلات بشمول اموات کی تعداد اور حادثے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں، موان ایئرپورٹ پر تمام مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔