پہلگام حملہ،مودی نے اپنی فوج کو”ردعمل “کیلئےفری ہینڈدیدیا

بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کےپہلگام واقعے کے بعد اپنی فوج کو ردعمل کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت سکیورٹی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو ا، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مشیر قومی سلامتی امور اجیت ڈوول اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس میں پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا کہنا تھا کہ ردعمل کا طریقہ کار، وقت، مقام اور اہداف خود فوج طے کرےگی۔
بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی کل سکیورٹی امور، معاشی امور اور سیاسی معاملات پر کابینہ کمیٹی کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
پہلگام حملے کے بعد پاکستان بھارت بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر بھارتی فوج نے شمالی کمانڈ میں تبدیلی کردی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل سکھیندرا کمار کی جگہ بھارتی فوج کے نائب سربراہ اسٹریٹیجی لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما کو شمالی کمانڈ فورس کا نیا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔ادھم پور میں تعینات بھارت کی شمالی کمانڈ مقبوضہ جموں و کمشیر اور لداخ کے علاقوں کی نگرانی اور پاکستان اور چین کے خلاف تمام آپریشنز کی کمانڈ کرتی ہے۔
