وزیراعظم سےسیکرٹری اقوام  متحدہ کا ٹیلیفونک رابطہ،بھارتی الزامات کی مذمت

 وزیراعظم شہباز شریف سےاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا ٹیلی فونک رابطہ،وزیراعظم نے پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات  کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں جنوبی ایشیا کی صورت حال پر توجہ مرکوز کی گئی۔

شہباز شریف نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور وہ دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے۔پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑنے کی کسی بھی کوشش کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو غیر قانونی قرار دینے کی بھارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کی وسیع پیمانے پر ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے گفتگو کے دوران انہوں نے خاص طور پر سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس کا پانی 24 کروڑ لوگوں کی لائف لائن ہے۔

Back to top button