پاک بھارت ٹاکرا: کراچی میں کئی مقامات پر بڑی سکرینیں نصب

کراچی کے مختلف علاقوں میں شائقین کرکٹ کی جانب سےچیمپئنز ٹرافی کا پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئےگورنر ہاؤس سمیت کئی مقامات پر بڑی اسکرینیں لگادی گئیں۔
پورٹ گرینڈ پر بھی پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کیلئےبڑی اسکرین نصب کی گئی ہے، اس کے علاوہ کراچی پریس کلب میں بھی ممبران اوران کے اہل خانہ کیلئےبڑی اسکرین پر میچ دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
شہر کے مختلف مقامات پر روایتی حریف ٹیموں کا میچ دیکھنے کیلئےشہریوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے، کئی مقامات پرلوگوں نےبڑی اسکرینیں لگاکر میچ دیکھنے کے انتظامات کیے ہیں۔.
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کےصاحبزادے زیڈ ٹیسوری نےگورنر سندھ کی غیر موجودگی میں آئی ٹی سینٹرمیں شائقین کرکٹ کیلئےپاک بھارت کرکٹ میں دیکھنے کے لیے انتظامات کیے ہیں۔
گورنر سندھ کی فیملی کیلئےکانفرنس روم میں علیحدہ سے انتظامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہےکہ بھارت کی ٹیم نےچیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، جس کےبعدچیمپئنز ٹرافی کے بھارتی ٹیم کے میچز دبئی میں رکھے گئے ہیں۔
اگر بھارت مسلسل فتح سمیٹتےہوئےچیمپئنز ٹرافی کے فائنل تک پہنچ جاتا ہے، تو پھر فائنل میچ بھی پاکستان سے باہر، یعنی دبئی میں ہوگا۔
شائقین کا کہنا ہے کہ آج کامیچ پاکستان کو ضرور جیتنا چاہیے، تاکہ اگلے میچز میں اگر بھارت کو شکست ہو تو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان میں ہوسکے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کوئی بڑا یونٹ دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد پاکستان میں ہو رہا ہے، جس کے بعد پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں لوٹ آئی ہیں، اور اسٹیڈیم آباد ہوئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی خوبصورت انداز میں تزئین و آرائش کی ہے، جہاں جانے کے بعد شائقین کرکٹ کھیل کے ساتھ ساتھ اچھا ماحول بھی انجوائے کر رہے ہیں۔
