پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

 

 

 

پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے سال کے آغاز پر قیدیوں اور جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا سالانہ تبادلہ ہوگیا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ نئے سال کے آغاز پر دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا بھی تبادلہ ہوا۔اس موقع پر پاکستان میں موجود 257 بھارتی قیدیوں کی فہرست فراہم کی گئی،جب کہ بھارتی وزارت خارجہ نے اپنی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔

ترجمان کےمطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ہر سال یکم جنوری کو کیا جاتا ہے،جس کےتحت اس سال بھی دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو متعلقہ فہرستیں فراہم کیں۔

سفارتی ذرائع کاکہنا ہےکہ جوہری تنصیبات سے متعلق معاہدے پر پاکستان اور بھارت نے 31 دسمبر 1988 کو دستخط کیے تھے،جس کےمطابق ہر سال یکم جنوری کو جوہری تنصیبات اور سہولتوں کی فہرستوں کا تبادلہ لازم ہے۔

 

Back to top button