پاکستان اور ملائیشیا کا مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کےلیے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم محمد انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ملائیشیا کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا آنا اپنے خاندان سے ملنے جیسا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ وزیر اعظم انور ابراہیم نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کر کے اپنے ملک کو پوری دنیا کی بہترین معیشتوں میں شامل کردیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کی حامل شخصیت ہیں، ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انور ابراہیم کا اہم کردار ہے، آپ کے تجربات سے استفادے کےلیے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں،دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انور ابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا۔
وزیر اعظم شہباز کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی،دو طرفہ تعلقات میں اضافےاور عالمی امور پر گفتگو ہوئی، اس دورے سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین، غزہ کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ ملائیشیا میں زیرتعلیم ہیں،پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔
وزیر اعظم ملائیشیا انور ابراہیم نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ 1957 سے برادرانہ تعلقات ہیں،وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دےرہے ہیں۔
وزیر اعظم انور ابراہیم کا کہنا تھاکہ وزیراعظم شہباز شریف سے خطے میں امن وامان سے متعلق صورت حال پر سیر حاصل گفتگو ہوئی،فلسطین کی سنگین صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی،خطے سمیت عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی،دونوں ممالک کی امن کےلیے مشترکہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔
ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے کہاکہ ہمارے خطے میں استحکام کےلیے پاک بھارت امن اہم ہے،دہشت گردی پر قابو پانے کےلیے ہرممکن تعاون کریں گے۔
