پاکستان کا سوشل میڈیا کمپنیوں سے دہشت گردوں کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کا مطالبہ

پاکستان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی گمنام آئی ڈیز کو بلاک کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ہم ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کرانا چاہتے ہیں جو دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال ہیں۔ ہم سوشل میڈیا کمپنیوں سے درخواست کرتے ہیں کہ اس حوالے سے حکومت پاکستان سے مکمل تعاون کریں اور ایسے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اکاؤنٹس مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم نہیں کہ یہ اکاؤنٹس افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں یا کہیں اور سے، لیکن یہ گمنام ناموں اور آئی ڈیز کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سوشل میڈیا کمپنیوں کے پاکستان میں دفاتر کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان تنظیموں میں کئی وہ ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔

بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہے : ڈی جی آئی ایس پی آر

وزیر مملکت برائے داخلہ نے بتایا کہ طلال چوہدری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کی نشاندہی کی ہے، جن میں واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز بھی شامل ہیں۔ یہ گروہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ پاکستان میں ان سے منسلک متعدد اکاؤنٹس کی شناخت کی جا چکی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایسے اکاؤنٹس کو فوری بلاک کریں۔ ہم مزید دہشت گردی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی شناخت کر رہے ہیں۔ پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک مضبوط اور پُرعزم شراکت دار ہے۔

Back to top button