پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کا رابطہ،غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت

پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں، خصوصاً او آئی سی کو فوری طور پر متحرک کرنے پر زور دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں غزہ کی سنگین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مغربی کنارے پر قبضے کی منظوری دراصل فلسطینی شناخت کو مٹانے کی سازش ہے، جسے عالمی برادری کو ہرگز قبول نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔
وزیراعظم کی ایف بی آر میں عالمی معیار کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی منظوری
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، غزہ کے مظلوم عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی اور سیاسی حمایت کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے اسرائیلی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، جس میں غزہ میں انسانی بحران اور خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی تھی۔
