پاکستان نے قومی ترانے کا احترام نہ کرنے پر افغان قونصل جنرل کی وضاحت مسترد کردی

پاکستان نے قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے کےمعاملے پر افغان قونصل جنرل کی وضاحت کو مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نےمیڈیا بریفنگ میں کہاکہ افغان قونصل جنرل حفیظ محب اللہ شاکر کی پاکستان کےقومی ترانے پر کھڑےنہ ہونےسے متعلق وضاحت مسترد کرتےہیں۔ میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔ہم نےاپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ افغان قونصل جنرل پاکستان میں سفارت کارکا اسٹیٹس انجوائے کررہےہیں۔ان کےپاس پاکستان کا ویزہ موجود ہے۔

یاد رہے کہ پشاور میں 12 ربیع الاول کو  منعقدہ رحمت العالمینﷺ کانفرنس میں شریک افغان قونصل جنرل اور ان کےساتھی پاکستان کا قومی ترانہ بجنے پر دیگر شرکا کےساتھ احتراماً کھڑے نہیں ہوئےتھے۔ پاکستان کی جانب سےشدید احتجاج کےبعد ترجمان افغان قونصلیٹ نےوضاحتی بیان جاری کیاتھا اور کہاتھا کہ پاکستانی ترانے کی بےحرمتی اور بےتوقیری ہرگز مقصد نہیں تھا جب کہ ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑےنہیں ہوئے۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے قومی ترانے کےاحترام میں کھڑےنہ ہونےوالے افغان قونصل جنرل کی حمایت کی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ روس کے نائب وزیر اعظم پاکستان کےسرکاری دورےپر ہیں، گزشتہ روز روس کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار کی ملاقات ہوئی،دنوں وزرا کی جانب سے پاکستان اور روس کےدرمیان تجارت، صنعت کےمیدان کو مزید فروغ دینےپر تبادلہ خیال کیاگیا، ملاقات میں دونوں ممالک کےمابین تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں پر بھی بات چیت ہوئی، گزشتہ روز کی ملاقات کےدوران دونوں ممالک کے درمیان بیلاروس جیسےدیگر معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نےبتایا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف  23 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کےلیے روانہ ہوں گے،وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر متعدد عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے، ان کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کےصدر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

ترجمان کا مزید کہناتھا کہ شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی  کےدوران بھارتی وزیر اعظم کےساتھ  ملاقات کاکوئی امکان نہیں ہے۔ پاکستان کاکسی بھی ادارے یا ملک کو بیسز دینے کاکوئی ارادہ نہیں ہے۔اس طرح کی تمام خبروں کی تردید کرتےہیں۔ اس طرح کی خبریں بےبنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان غزہ میں ہونےوالے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہے، غزہ میں اقوام متحدہ کےقوانین کےمطابق سیز فائر ہونا چاہیے۔

علاقائی سلامتی اور استحکام کےلیے پاک امریکا کے تعلقات اہم ہیں : صدر جو بائیڈن

Back to top button