بنٹی اور ببلی کی 16 برس بعد جرائم کی دنیا میں واپسی


2005 کی مقبول بھارتی فلم ’’بنٹی اور ببلی‘‘ کے سیکوئل ’’بنٹی اور ببلی ٹو‘‘ کو 16 سال بعد ریلیز کیا جا رہا ہے جسکا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے اور فلم کو آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا۔ یاد رہے پہلی فلم 2005 میں ریلیز کی گئی تھی جس میں رانی مکھرجی اور ابھیشک بچن نے لوگوں کو لوٹنے اور بے وقوف بنانے والوں کا کردار ادا کیا تھا۔
پہلی فلم کی شاندار کامیابی کے بعد یش راج فلمز نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان تو کیا تھا مگر دوسری فلم بننے میں 16 سال کا عرصہ لگا اور اب نئی فلم کا ٹریلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

’’بنٹی اور ببلی ٹو‘‘ کے جاری کردہ ٹریلر میں پرانے کرداروں سمیت جونیئر بنٹی اور جونیئر ببلی کو بھی دکھایا گیا جو سینئرز کا نام استعمال کر کے لوگوں کو پریشان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ نئی فلم میں پنکج تریپاتھی جیسے ورسٹائل اداکار پولیس افسر کے روپ میں بنٹی اور ببلی کی جانب سے لوگوں کو لوٹنے کے معاملات سُلجھاتے دکھائی دیں گے۔

اس مرتبہ ابھیشک بچن کی جگہ چھوٹے خان سیف علی خان کو کاسٹ کیا گیا ہے جنہیں فلم میں توند کے ساتھ درمیانی عمر کے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ رانی مکھرجی نے بھی ادھیڑ عمر خاتون کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں میاں بیوی یعنی ببلی اور بنٹی لوگوں کو تنگ کرنے والی عادتیں چھوڑ کر آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں لیکن پولیس آ کر انہیں تنگ کرتی ہے۔ ٹریلر میں دکھایا گیا کہ سینئر بنٹی اور ببلی اس وقت پریشان ہو جاتے ہیں جب انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کا نام استعمال کر کے کوئی لوگوں کو پریشان کر رہا ہے ، ٹریلر میں سیف علی خان اور رانی مکھرجی کے علاوہ جونیئر ببلی یعنی شروری واگھ جبکہ جونیئر بنٹی یعنی سدھانت چترویدی کو بھی ایکشن میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کا ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں کو بنٹی اور ببلی بن کر پریشان کرنے والے سدھانت چترویدی اور شروری واگھ ہیں لیکن پولیس کا شک سیف علی خان اور رانی مکھرجی پر جاتا ہے۔ بنٹی اور ببلی ٹو‘ کی کہانی ورن وی شرما نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں جبکہ فلم کو رانی مکھرجی کے شوہر ادیتیا چوپڑا نے یش راج فلم کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔فلم کو آئندہ ماہ 19 نومبر کو سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا اور اس کا مقابلہ دیگر بڑے بجٹ کی فلموں سے ہوگا۔

Back to top button