پاکستان اور امریکہ کادہشت گردوں کیخلاف ملکرکام کرنےپراتفاق

اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی سے متعلق تازہ مذاکرات ہوئے، جن میں ہر قسم اور ہر شکل کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

مذاکرات کی مشترکہ صدارت پاکستان کے اسپیشل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے ایکٹنگ کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی گریگری ڈی لوگرفو نے کی۔

دونوں فریقین نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان کے خلاف اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

امریکا نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور دہشت گرد حملوں، بشمول جعفر ایکسپریس پر حملے اور خضدار میں اسکول بس دھماکے، میں شہید ہونے والے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔

مذاکرات میں دہشت گردوں کی جانب سے ٹیکنالوجی کے استعمال کی روک تھام، ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر اتفاق ہوا۔ فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھا جائے گا۔

مزید برآں، پاکستان اور امریکا نے پائیدار اور منظم روابط کو دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی و عالمی امن کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

Back to top button