ویسٹ انڈیز کا تاریخی وار: پاکستان 33 سال بعد سیریز ہار گیا

پاکستان کو 33 سال بعد ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ون ڈے میچ کی سیریز میں عبرتناک شکست دیدی، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں 202 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
منگل کے روز ٹرینیڈاد اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ کپتان شائی ہوپ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 94 گیندوں پر ناقابلِ شکست 120 رنز بنائے، جبکہ جسٹن گریوز نے صرف 24 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔ اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کے ساتھ کپتان محمد رضوان بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم 9 رنز بنا سکے، جبکہ سلمان علی آغا (30) اور محمد نواز (23) کچھ مزاحمت کر پائے۔ پوری ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان کو 34 سال بعد ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، اور نائب کپتان سلمان علی آغا بھی شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، نسیم شاہ، حسن علی اور ابرار احمد شامل تھے۔
یاد رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے حسن نواز اور حسین طلعت کی عمدہ بلے بازی کی بدولت میزبان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ بارش کی وجہ سے متاثرہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر  سیریز برابر کر دی تھی۔ تاہم تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھاری مارجن کے ساتھ پاکستان کو شکست دے کر 33 سال بعد ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔

Back to top button