پاکستان فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا اور ہر سطح پر ان کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری صیہونی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں خوراک اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے لیے پاکستان سفارتی محاذ پر اپنی کوششیں جاری رکھے گا، اور نہتے فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے ملک گیر سطح پر مہم چلا کر غزہ کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا، جو قابلِ تحسین ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ فلسطینی قیادت نے ان سے رابطہ کر کے وزیراعظم پاکستان سے جنگ بندی کے لیے موثر سفارتی کردار ادا کرنے اور غذائی امداد کی فراہمی میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
