پہلگام حملے میں ہلاک3دہشتگردوں سےپاکستانی چاکلیٹ ملی،بھارتی وزیرداخلہ

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلگام حملے میں مارے جانے والے دہشتگردوں کے پاس پاکستان میں تیار کردہ چاکلیٹ پائی گئی ہے، جو ان کے بقول حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا "ثبوت” ہے۔

لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے سابق وزیر داخلہ پی چدم برم پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ پاکستان کو کلین چٹ کیوں دے رہے ہیں؟ اُن کا کہنا تھا: ’’پاکستان کو بچا کر آپ کو کیا حاصل ہوگا؟‘‘

یہ بیان چدم برم کے اس انٹرویو کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ بھارتی حکومت کس بنیاد پر دعویٰ کر رہی ہے کہ پہلگام حملے میں ملوث دہشتگرد پاکستان سے آئے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس دعوے کے ثبوت پیش کرنے چاہئیں، کیونکہ امکان ہے کہ حملہ آور بھارتی شہری ہوں اور انہیں مقامی طور پر دہشتگردی کی تربیت ملی ہو۔

دوسری جانب، مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں کی ایک نئی لہر دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ’’آپریشن مہادیو‘‘ کے نام پر سرینگر کے نواحی علاقے داچھی گام میں تین نوجوانوں کو ایک مبینہ جعلی انکاؤنٹر میں شہید کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شدید مذمت کی تھی اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔ تاہم بھارت کی جانب سے اب تک الزامات کی تکرار کے سوا کوئی ٹھوس تحقیقاتی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

Back to top button