مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم اور قومی رہنماؤں کے پوسٹرز آویزاں

قابض بھارتی فوج کی بھاری نفری اور سخت نگرانی کے باوجود، مقبوضہ کشمیر میں 14 اگست کو پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد اور یومِ تشکر کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں پاکستانی پرچم، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرز نصب کیے گئے، جن پر آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کے الفاظ درج تھے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اعلان کیا ہے کہ 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر کشمیری عوام ’’یومِ سیاہ‘‘ منائیں گے اور اس روز وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

حریت کانفرنس کے ترجمان کے مطابق، بھارت کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے کیونکہ بھارت ایک جابر اور قابض ریاست ہے، جب کہ پاکستان کشمیری عوام کا محسن اور حامی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے لیے یومِ تشکر اور خوشی کا دن ہے اور وہ پاکستان کی آزادی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا گو ہیں۔

Back to top button