جشن آزادی،برج خلیفہ پاکستانی رنگوں سے جگمگا اٹھا

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران ایک شاندار منظر اس وقت سامنے آیا جب دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں جگمگا اٹھی۔
پاکستان کی آزادی کی خوشیاں سرحدوں سے نکل کر دبئی کی فضاؤں میں گونج اُٹھیں۔ سبز و سفید روشنیوں سے مزین برج خلیفہ قومی جوش و خروش کی علامت بن گیا۔
تقریب میں ہزاروں پاکستانیوں سمیت دیگر مسلم کمیونٹیز کے لوگ بھی شریک ہوئے، جو عمارت کے سامنے جمع ہوکر یہ دلکش منظر دیکھتے رہے۔ جیسے ہی برج خلیفہ پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن ہوا، فضا میں "پاکستان زندہ باد” کے نعرے گونجنے لگے اور قومی ترانے کی دھن نے ماحول کو مزید ولولہ انگیز بنا دیا۔
شرکا میں خواتین، بچے اور مرد سبھی قومی رنگ میں رنگے نظر آئے—بچے پرچم کے رنگوں کے لباس میں ملبوس، خواتین سبز و سفید چوڑیوں سے آراستہ اور مرد ہاتھوں میں پرچم تھامے ہوئے تھے۔ اس موقع پر شاندار آتش بازی نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کی قدر پردیس میں رہ کر اور زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ ان کے مطابق برج خلیفہ پر پاکستانی کمیونٹی کا اتحاد اور جوش، اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک جذبہ اور پہچان ہے جو دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دلوں میں ہمیشہ روشن رہتا ہے۔
