تاجربیرون ملک منتقل ہونیوالے100ارب ڈالرواپس لائیں،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پچھلے تین چار سالوں میں 100 ارب  ڈالر پاکستان سے باہرگئے ہیں،  تاجروں سے درخواست ہے 30 فیصد  پیسہ  ہی واپس لے آئیں، تاجر  اگر  آج فیصلہ کرلیں تو  بجٹ سے  پہلے 10  ارب ڈالر  آجائیں گے۔

کراچی میں فیڈریشن  ہاؤس  میں خطاب کرتے ہوئے  وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  روشن  اکاؤنٹ  موجود ہیں،  بجٹ سے پہلے اپنی رقوم  لےکر آئیں، پاکستان جو منافع دیتا ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں ملےگا، آپ کو کاروباری ماحول ملےگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ تاجروں کے ویزوں سے متعلق جلد تجاویز وزیراعظم کو پیش کریں گے، ہمیں اپنے ملک کو سنوارنا ہے،مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ  ایف آئی اے کے معاملات کو بزنس فرینڈلی کریں گے، فیلڈ مارشل کوئی بات کرتے ہیں یا زبان دیتے ہیں تو اس کو پورا کرتے ہیں، ایک یا دو فیصد لوگوں کی وجہ سے پوری بزنس کمیونٹی کو سزا نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہاکہ پچھلے تین چارسالوں میں 100 ارب  ڈالر پاکستان سے باہرگئے ہیں، پیسہ باہرکیسے گیا اس پربات نہیں کرتے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے پتا نہیں لگایا جاسکتا تو کراچی میں ایک دو بندوں کو  اٹھانے کی دیر ہے سارا کچھ پتا چل جائےگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نہیں کہتےکہ دبئی یا باہرپڑے  ہوئے سارے  واپس لے آئیں، روشن اکاؤنٹ کے تحت باہرپڑا ہوا 20 یا 30 فیصد پیسہ  واپس لے آئیں، اگر آپ 20 یا 30 فیصد پیسہ پاکستان واپس لائیں گے تو وہ 10 ارب ڈالر سے  زیادہ ہوجائےگا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  بزنس مین کے لیے  ماحول اچھا ہوجائےگا، بزنس مین کے لیے علیحدہ پاسپورٹ  جاری کرنے کی تجویز ہے، بزنس مین کو پاسپورٹ مکمل تصدیق کے بعد جاری کیا جائےگا، پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ  بہتر  بنانے  پر توجہ ہے، کوشش ہے  پاکستانی پاسپورٹ کی ریٹنگ 99 سے 50  پر لے آئیں، جو جنیوئن بزنس مین ہیں ان کو ویزا کے مسائل آتے ہیں

وزیرداخلہ کاکہنا تھا کہ  تاجروں کی ترجیح ہوتی ہے کہ ان کے چین، امریکا، یورپ اور  یوکے کے ویزے لگے ہوئے ہوں، جو غلط طریقے سے ویزہ لینے کی کوشش کرتے ہیں اس کی وجہ سے سب لوگ زد میں آجاتے ہیں، تاجروں کےلیے کم تعداد میں پاسپورٹ ہوں گے، ان کے ٹیکس،فنانشل اور کاروبار سے متعلق سب کچھ ہمیں پتا ہوگا، ان ممالک کے سفارت خانوں کو پتا ہوگا کہ یہ چند ہزار لوگ جینوئن بزنس مین ہیں۔

 

Back to top button