پاکستانی زائرین کی وزیراعظم کیخلاف مسجد نبوی میں‌ نعرے بازی

وزیرعظم شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں سے پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے مدینہ منورہ اور مسجد نبوی میں بدتمیزی، نعرے بازی کی، حکومتی وفد میں بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
پاکستانی حکام جمعرات کی سہ پہر سعودی عرب پہنچے تھے اور بعد میں مسجد نبویﷺ میں نماز ادا کی تاہم گزشتہ روز مسجد نبویﷺ میں اس وقت افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے جب وزیراعظم شہباز شریف اور ان کا وفد وہاں پہنچا۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق مسجد میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی ’چور‘ کے نعرے لگانا شروع کردیئے، ایک اور ویڈیو میں زائرین کو وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی سے بدتمیزی اور انہیں گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جہاں ان دونوں وزرا سعودی حفاظتی گارڈز نے گھیرے میں لے رکھا تھا۔

شہباز شریف شہزادہ سلمان کی دعوت پر سعودیہ گئے ہیں

دریں اثنا ٹوئٹر پر سیاست دانوں اور مذہبی اسکالرز نے واقعے کی مذمت کی اور کچھ نے اس کا الزام پاکستان تحریک انصاف پر عائد کیا، نئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی عدم برداشت اور تفرقہ بازی کو ہوا دے رہی ہے۔

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ اسلام میں بالکل درست نہیں ہے۔

Back to top button