صبرجواب دےگیا،افغانستان سےدہشتگردی برداشت نہیں ہوگی،وزیردفاع

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بس اب صبرکاپیمانہ لبریز ہوگیا۔افغانستان سے دہشت گردی مزیدبرداشت نہیں کی جائے گی۔

خواجہ آصف کا نجی ٹی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ فغانستان کی سرزمین سے ہمارے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں ہو رہی ہیں مگر بعض حلقے ان کی مذمت کرنے سے کتراتے ہیں۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر ذاتی سیاست کو پس پشت رکھ کر افواج اور شہداء کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کریں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ روزانہ بھائی، بہنیں اور بچے شہید ہو رہے ہیں، اس مسئلے پر بات ہونی چاہیے اور سیاست بعد میں کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کابل جا کر افغان حکام سے اس سلسلے میں بات چیت کر چکے ہیں اور مطالبہ کیا کہ پناہ گاہیں بند کی جائیں، مگر خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ حالات اب اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ برداشت مزید ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے تجویز دی کہ ایک وفد کابل بھیجا جائے تاکہ وہاں کے حکمرانوں کو باور کرایا جائے کہ افغان سرزمین سے کارروائیاں روکیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پڑوسی ملک سے منسلک اقتصادی مفادات کے باوجود قومی سلامتی کو مقدم رکھنا ہوگا اور جو بھی طاقت ور ہے اسے عوام اور افواج کے ساتھ کھل کر کھڑا ہونا چاہیے۔

وزیر دفاع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس معاملے پر ایک زبانیت اور قومی یکجہتی چاہتے ہیں اور کسی صورت اس موضوع پر سیاسی اختلافات کو جاری نہیں رکھا جانا چاہیے۔

Back to top button