پی سی بی کا سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

پی سی بی نے سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی اور محمد رضوان کو ون ڈے کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں خبریں زیرگردش تھیں کہ محمد رضوان سے ون ڈے انٹرنیشنل کی قیادت لےکر سلمان علی آغا کو سونپ دی جائےگی تاہم ایشیا کپ میں سلمان علی آغا کی بدترین کارکردگی کی بدولت مینجمنٹ یہ فیصلہ نہ کرسکی۔یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی شان مسعود سے لےکر سعود شکیل کو دے دی جائے گی تاہم جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کےلیے شان مسعود کو ہی کپتان برقرار رکھا گیا۔
ذرائع کےمطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان زیادہ تبدیلیوں کے خواہشمند نہیں ہیں جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کےخلاف صائم ایوب اور وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کو ایک اور موقع دیا جائےگا۔
یاد رہے کہ سلمان علی آغا بھارت کےخلاف بطور کپتان 3 میچز میں ناکامی کے بعد تنقید کی زد میں رہےاور ان کی اپنی کارکردگی بھی ایشیا کپ میں بدترین رہی ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے قومی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا گیا ہے، اظہر محمود ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے جب کہ نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر مقرر کیا گیا ہے۔ جب کہ عمران فرحت بیٹنگ کوچ، عبد الرحمٰن سپن باؤلنگ کوچ اور عبد المجید فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔
علاوہ ازیں کلیف ڈیکن فزیوتھراپسٹ اور طلحہ بٹ ٹیم کے پرفارمنس اینالسٹ مقرر کیے گئے ہیں جب کہ گرانٹ لیوڈن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کےطور پر خدمات انجام دیں گے۔
سید نعیم گیلانی میڈیا منیجر اور ارتضیٰ کمال ٹیم سکیورٹی منیجر ہوں گے،ڈاکٹر واجد علی رفائی ٹیم کے ڈاکٹر کی حیثیت سے شامل ہیں جب کہ محمد احسان بطور مسیور ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔
