بھارتی کپتان کے خلاف پی سی بی کا آئی سی سی کو خط

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھیجے گئے شکایتی مراسلے کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے ایک تفصیلی خط میں مؤقف اپنایا ہے کہ سوریا کمار یادیو نے جان بوجھ کر پہلگام واقعے اور "آپریشن سندور” کا حوالہ دیا، جو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اس رویے کو کھیل میں سیاست لانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق، بھارتی کپتان کے ریمارکس نہ صرف کھیل کے تقدس کے خلاف تھے بلکہ انہوں نے کرکٹ کی غیر جانبدارانہ حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر اس طرز عمل پر سخت کارروائی نہ کی گئی تو کرکٹ کے میدان سیاسی بیانات کا اکھاڑہ بن جائیں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی سی سی نے پی سی بی کی شکایت کو سنجیدگی سے لیا ہے اور سوریا کمار کے خلاف ممکنہ انضباطی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

شکایتی خط میں یہ نکتہ بھی شامل تھا کہ آئی سی سی اس سے پہلے "فری غزہ” اور "فریڈم از ہیومن رائٹ” جیسے بیانات کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے، تو سوریا کمار یادیو کے متنازع بیانات بھی اسی زمرے میں آتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے گروپ اسٹیج میں پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے بعد سوریا کمار یادیو نے پریزنٹیشن میں بات کرتے ہوئے پہلگام واقعے کا ذکر کیا، جس پر تنقید کی جا رہی ہے۔

Back to top button